فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں عیدالضحی کی آمد کے پیش نظر بغدے ، چھریوں کی تیاری اور مڈیوں کی فروخت کا سلسلہ عروج پر پہنچ گیا۔ قیمتوں میں گزشتہ برسوں کی نسبت نمایاں اضافہ ہو گیا۔
عید کے موقع پر جانور قربان کرنے کیلئے چھریوں اور بغدے کی تیاری کا سلسلہ زور پکڑ گیا، مختلف اقسام کی چھریوں کے ساتھ ساتھ کلہاڑیاں بھی تیار کی جارہی ہیں، دکاندار اور گاہک کہتے ہیں کہ طلب بڑھنے پر اشیاء کی قیمتیں بھی بڑھ چکی ہیں۔
لکڑ منڈی میں کیکر، شیشم اور ٹاہلی کے درخت سے مڈیوں کی تیاری اور فروخت بھی جاری ہے جہاں پر مختلف سائز کی مڈیاں فروخت کیلئے رکھی گئی ہیں جبکہ ڈیمانڈ پر گاہکوں کو موقع پر ہی آرے پر مڈیاں تیار کرکے دی جا رہی ہیں۔ خریدار کہتے ہیں کہ مقدس فریضہ کی ادائیگی کیلئے عید پر قربانی کرکے ان مڈیوں پر گوشت بنانے کیلئے خریداری کررہے ہیں۔
عید الضحی کے موقع پر جانوروں کی خریدوفروخت عروج پر ہونے کی وجہ سے قربانی سے متعلقہ سازوسامان کے دکانداروں کی بھی چاندی ہوگئی ہے۔