فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں فیسکو کے پاس میٹرز کی کمی کی وجہ سے نئے کنکشن کے حصول کیلئے آنے والے شہری ایک سال سے بھی زائد عرصے سے انتظار کرنے پر مجبور ہو گئے۔
فیسکو کے پاس میٹرز کی کمی سائلین کے لئے درد سر بن گئی، فیسکو کی تمام ڈویژن میں نئے کنکشن کیلئے موصول ہونے والی درخواستوں کی تعداد میں دن بدن تیزی سے اضافہ ہورہا ہے، نئے کنکشن کے لئے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس جمع کروانے کے بعد بھی سائلین کو 1 سال سے بھی زائد وقت کا انتظار کرنا پڑرہا ہے۔
سائلین کہتے ہیں کہ میٹرز کی کمی کی وجہ سے بجلی کا کنکشن حاصل کرنا کسی امتحان سے کم نہیں، فیسکو دفاتر میں تعینات عملہ کنکشن لگانے کی بجائے میٹرز کی کمی کا جواز پیش کرکے بری الزمہ ہوجاتا ہے۔
میٹرز کی کمی کی وجہ سے شہری مسائل کا شکار ہیں جبکہ ترجمان فیسکو کا صورتحال کے برعکس کہنا ہے کہ میٹرز وافر مقدار میں موجود ہیں اور روٹین میں کنکشنز بھی لگائے جارہے ہیں۔
شہری فیسکو حکام سے مطالبہ کرتے ہیں کہ میٹرز کی کمی کو فوری طور پر حقیقی معنوں میں پورا کرتے ہوئے انہیں درپیش مسائل کا خاتمہ کریں۔