فیصل آباد: سہولت بازاروں میں اشیائے ضروریہ نہ ملنے پر شہری خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور

Published On 25 June,2021 08:29 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پنجاب حکومت کی جانب سے لگائے گئے سہولت بازار شہریوں کے لئے اذیت بازار بن گئے، عوام اشیائے ضروریہ نہ ہونے پر خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبورہیں۔

80 لاکھ کی آبادی والے شہرکے سہولت بازاروں میں چند کلو پھل اور سبزیاں، چار قسم کی دالیں لگا دی گئی ہیں، آٹا، چینی اور گھی سرے سے ہی دستیاب نہیں، پنجاب حکومت کی جانب سے لگائے گئے سہولت بازارشہریوں کو ریلیف دینے کی بجائے ان کی بے بسی کا مذاق اڑا رہے ہیں۔ سہولت اور ریلیف کے نام پر شہری دور دراز سے ان بازاروں کا رخ کرتے ہیں کہ شائد انہیں اشیائے خور و نوش رعائتی نرخوں پر مل جائیں تاہم نتیجہ میں شہری وقت کے ضیاع کے ساتھ خالی ہاتھ لوٹنے پر مجبور ہوتے ہیں۔

پنجاب حکومت کی ہدایت پر ضلعی انتظامیہ نے 19 سہولت بازار قائم کیے ہوئے ہیں، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو سہولت بازاروں میں اشیاء کی عدم دستیابی سے لاعلم اشیاء کے معیار اور مقدار کے ساتھ دستیابی کا دعوی کر رہے ہیں۔

سہولت بازاروں میں سٹالز لگانے والے دکان دار بھی اشیاء نہ ہونے پر پریشان ہیں، کہتے ہیں ضلعی انتظامیہ نے ان سے سہولت بازاروں میں سٹال لگوا کر ان کا معاشی استحصال کیا ہے۔
 

Advertisement