فیصل آباد: (دنیا نیوز) رواں مالی سال میں پیش کئے جانے والے سالانہ بجٹ کے حوالے سے صنعتی شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں نے بھی امیدیں وابستہ کررکھی ہیں۔ کہتے ہیں کہ حکومت آئندہ آنے والے سالانہ بجٹ میں انڈسٹریز اور تجارت کے فروغ کیلئے بہتر منصوبے پیش کرے۔
صنعتی شہر کے تاجروں اور صنعتکاروں کی نظریں آئندہ پیش کئے جانے والے سالانہ بجٹ پر جم گئیں۔ صنعتی شہر کی ٹیکسٹائل انڈسٹری، ہوزری، پاور لومز، تجارت اور دیگر کاروباری سیکٹرز آئندہ پیش کئے جانے والے بجٹ میں ریلیف اور خصوصی پیکجز کی امیدیں وابستہ کئے بیٹھے ہیں۔
پاکستان ہوزری مینوفکچرنگ ایسوسی ایشن کے سینئر نائب صدر کہتے ہیں کہ آئندہ بجٹ میں سیلز ٹیکس پر خصوصی ریلیف دیتے ہوئے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری کو زیرو ریٹڈ کیا جائے جس سے نہ صرف ملکی ایکسپورٹ بڑھے گی بلکہ ملکی معیشت میں بھی بہتری آئے گی۔
پاور لومز آنرز ایسوسی ایشن کے چئیرمین کہتے ہیں کہ گزشتہ مالی بجٹ میں حکومت کی جانب سے بہتر پالیسیاں اپنائی گئیں جس سے بند پاور لوم انڈسٹری کا پہیہ چل پڑا۔ آئندہ بجٹ میں بھی حکومت کی جانب سے خصوصی طور پر پاور لوم انڈسٹری کیلئے خصوصی پیکجز کا اعلان کیا جائے۔
فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے صدر کہتے ہیں کہ آئندہ بجٹ میں صنعتی شہر کی ٹیکسٹائل اور ہوزری انڈسٹریز کے خام مال سُوت کی قیمتوں کو کنٹرول کرنے کیلئے بھی اقدامات اٹھائے جائیں اگر سوت کی قیمتیں کنٹرول نہ ہوئیں تو ایکسپورٹ کے آرڈرز بنگلہ دیش اور بھارت سمیت دیگر مدمقابل ممالک کو ملنے کا بھی اندیشہ ہے۔
صنعتی شہر کی انڈسٹریز اور دیگر کاروباری سیکٹرز سے وابستہ لاکھوں مزدوروں کی جانب سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ آئندہ بجٹ میں مزدوروں کی تنخواہوں، میڈیکل کارڈز سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے بھی پیکجز دئیے جائیں۔