ٹیکسٹائل ایکسپورٹرز کا آئندہ بجٹ میں نو پے منٹ نو ٹیکس کا سٹیٹس بحال کرنے کا مطالبہ

Published On 30 May,2021 08:52 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) ایکسپورٹ آرڈرز میں اضافے اورانرجی سیکٹر کے ریلیف کے باعث فیصل آباد میں صنعتی پہیہ پوری طرح رواں ہے، صنعتی شعبہ میں مزید ترقی کے لئے صنعتکاروں کا مطالبہ ہے کہ حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو زیرو ریٹڈ کر کے نو پے منٹ نو ٹیکس کا سٹیٹس بحال کرے۔

حکومتی پالیسیوں کی بدولت رواں مالی سال ملکی ایکسپورٹ میں خاطر خواہ اضافہ ہوا، ایکسپورٹرز کو حکومت نے بجلی اور گیس بلوں میں بھی ریلیف دیا جس سے فیصل آباد میں بند فیکٹریاں اور کارخانوں کا پہیہ بھی چل پڑا۔


ایکسپورٹرز کہتے ہیں حکومت آئندہ بجٹ میں ٹیکسٹائل سیکٹر کو زیرو ریٹڈ کر کے نو پے منٹ نو ٹیکس کا سٹیٹس بحال کرے جس سے انڈسٹری کو مزید فروغ ملے گا۔

صدر چیمبر آف کامرس کے مطابق انرجی سیکٹر پر ریلیف کے باعث بند کارخانے اور ملیں چلنے سے روزگار میں اضافہ ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے آئندہ بجٹ میں بجلی اور گیس بلوں میں اضافے کی افواہیں گردش کررہی ہیں، آگر ایسا ہوا تو صنعتی سیکٹر کو بڑا نقصان ہوگا۔

فیصل آباد میں ٹیکسٹائل سیکٹر کے ساتھ 10 لاکھ مزدوروں کا روزگار وابستہ ہے۔ مزدور کہتے ہیں بڑی مشکل سے روزگار بحال ہوا ہے، حکومت ایسا بجٹ دے جس سے مزدروں کی روزی روٹی میں مزید اضافہ ہو۔
 

Advertisement