فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سول ہسپتال میں بجلی کے نظام کو سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع کردئیے گئے۔ سولر سسٹم انسٹال ہونے سے پورے ہسپتال میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی بن سکے گی۔
فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کا بجلی کا نظام اب چلے گا سورج کی شعاعوں سے، ہسپتال کے بجلی کے نظام کو مکمل طور پر سولر سسٹم پر منتقل کرنے کیلئے اقدامات شروع کر دئیے گئے ہیں۔ 920 کلو واٹ پاور کے سولر سسٹم کے ذریعے ہسپتال کے تمام وارڈز کے 1400 سے زائد پنکھے، ایکسرے ، سی ٹی سکین اور الٹرا ساونڈ مشینوں سمیت ہر قسم کی مشینری اور لائٹیں جلائی جائیں گی۔
سولر سسٹم کے ذریعے بجلی کی کھپت کو کم کرنے کیلئے کم پاور والے پنکھوں اور لائٹوں کی تنصیب بھی کردی گئی ہے۔ ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ کہتے ہیں سولر سسٹم کی تنصیب سے سالانہ 70لاکھ روپے سے زائد کی بچت ہو گی۔ پہلے مرحلے میں ایمرجنسی وارڈ کو سولر سسٹم پر منتقل کیا جارہا ہے بعد ازاں مکمل ہسپتال کو شمسی توانائی پر منتقل کردیا جائے گا۔
شہری کہتے ہیں کہ سولرسسٹم کی تنصیب سے ہونے والی سالانہ بچت کے پیسوں کو اگر مریضوں کی فلاح بہبود پر خرچ کردیا جائے تو مریضوں کو بہتر طبی سہولیات میسر آسکیں گی۔