محکمہ خوراک کی ناقص حکمت عملی، کاشتکار پرائیویٹ ڈیلرز کو گندم فروخت کرنے لگے

Published On 03 May,2021 10:55 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں محکمہ خوراک کی جانب سے گندم خریداری مہم کے دوران اپنائی گئی ناقص حکمت عملی کی وجہ سے کاشتکار محکمہ خوراک کی بجائے پرائیویٹ ڈیلرز کے پاس گندم کی فروخت کو ترجیح دینے لگے ہیں جس سے محکمہ خوراک کا مطلوبہ خریداری ہدف پورا نہ ہونے کا بھی خدشہ ہے۔

فیصل آباد میں رواں برس گندم خریداری مہم کے دوران ایک لاکھ 10ہزار میٹرک ٹن گندم کی خریداری کا ہدف رکھا گیا ہے جس کے لئے 11 لاکھ بار دانہ بیگ تقسیم کئے جانے تھے لیکن محکمہ خوراک کی جانب سے بار دانے کی تقسیم کے حوالے سے بنائے گئے پیچیدہ نظام سے تنگ کاشتکاروں نے حکومتی ادارے کی بجائے پرائیویٹ ڈیلرز کا رُخ کرنا شروع کردیا۔ کاشتکار کہتے ہیں کہ محکمہ خوراک کی درجنوں شرائط ہیں جبکہ پرائیویٹ ڈیلرز گندم لیکر فوری پیسے ادا کردیتے ہیں۔

 

معاملے پر محکمہ خوراک کے ڈسٹرکٹ فوڈ کنٹرولر کہتے ہیں مطلوبہ ہدف کے حصول کیلئے اقدامات بہتر کئے جارہے ہیں۔

ماہرین کہتے ہیں کہ سرکاری کی بجائے پرائیویٹ ڈیلرز کے پاس زیادہ مقدار میں گندم پہنچنے سے آنے والے وقت میں گندم کا بحران پیدا ہونے اور قیمتوں میں اضافے کا بھی خدشہ ہے۔