فیصل آباد: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں آوٹ ڈور کے بعد ان ڈور مریضوں کو بھی انسولین کی فراہمی بند

Published On 19 April,2021 08:58 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) حکومتی توجہ ہسپتالوں پر نہ ہونے کے باعث فیصل آباد میں شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال سے پہلے آوٹ ڈور مریضوں کو انسولین کی فراہمی بند ہوئی اور اب انڈور میں بھی مریضوں کو انسولین نہیں مل رہی۔

ذیابیطس کا مرض خاموش قاتل، فیصل آباد میں لاکھوں کی تعداد میں شہری ذیابیطس کے مرض میں مبتلا ہیں جو حکومتی عدم توجہ کے باعث انتہائی پریشان ہیں۔ شوگر کنٹرول رکھنے کے لئے انسولین کی دوا استعمال کی جاتی ہے۔

سول ہسپتال میں پہلے وسائل کی کمی کا بہانا بنا کر آوٹ ڈور مریضوں کو انسولین کی فراہمی بند کی گئی اور اب انڈور میں زیر علاج مریضوں کے لئے بھی انسولین موجود نہیں ہے۔

شہری کہتے ہیں حکومت معاملے کا نوٹس لے، صورتحال کے برعکس ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے آوٹ ڈور میں انسولین فراہم نہیں کرسکتے تاہم انڈور مریضوں کو انسولین فراہم کی جارہی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے دور میں وہ ماہانہ ہزاروں روپے انسولین پر خرچ نہیں کرسکتے جبکہ انسولین نہ ملنے کی وجہ سے وہ دل، گردوں اور دیگر موذی بیماریوں میں مبتلا ہورہے ہیں۔
 

Advertisement