فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کی مارکیٹوں میں سبسڈائزڈ آٹا ناپید ہوگیا۔ سرکاری قیمتوں والا آٹا میسر نہ آنے سے شہری مہنگے داموں فائن آٹے کی خریداری پر مجبور ہیں۔
فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ اور محکمہ خوراک حکام ناجائز منافع خوروں کے سامنے بے بس دکھائی دینے لگے۔ ناجائز منافع خوروں کی جانب سے مارکیٹوں میں سرکاری قیمت والے 20 کلوگرام والے آٹے کے تھیلے کی مصنوعی قلت پیدا کردی گئی جبکہ 15 کلو گرام والا فائن آٹے کا تھیلا 1100 روپے میں فروخت کیا جانے لگا ہے۔ آٹے کی قیمتوں میں ہونے والے ہوشربا اضافے پر شہری کہتے ہیں کورونا سے تو شائد بچ جائیں لیکن مہنگائی انہیں لے ڈوبے گی۔
معاملے پر سپیشل پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کہتے ہیں ناجائز منافع خوروں کو لگام ڈالنے کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
ماہرین کہتے ہیں کہ اگر ناجائز منافع خوروں کو فوری لگام نہ ڈالی گئی تو آئندہ آنے والے ماہ مقدس میں آٹے کی صورتحال مزید سنگین ہونے کا بھی خدشہ ہے۔