پشاور میں آٹے کے مصنوعی بحران کے خدشات، شہری سستے داموں خریداری کیلئے دربدر

Published On 18 March,2021 08:53 am

پشاور: (دنیا نیوز) پشاورمیں آٹے کے مصنوعی بحران کے خدشات پیدا ہو گئے، سرکاری آٹا شہر بھر سے غائب ہو گیا، شہری سستا آٹا خریدنے کےلیے دن بھرقطاروں میں کھڑے ہونے پرمجبورہیں، ڈیلر کہتے ہیں کوٹہ کم کرنے سے مسائل میں اضافہ ہو گیا۔

خیبرپختونخوا میں آٹے کی سپلائی میں کمی کے باعث مسائل اور مشکلات بڑھ گئیں، شہری سرکاری سستے آٹے کے حصول کےلیے گھنٹوں لائنوں میں کھڑے ہونے پر مجبور ہیں، آٹے کی سب سے بڑی مارکیٹ اشرف روڈ پر جہاں آٹے کی فراہمی میں کمی آئی ہے وہیں 860 روپے میں ملنے والا سرکاری سستا آٹا بھی غائب ہے، آٹے کی عدم دستیابی کے باعث شہری پریشانی میں مبتلا ہوگئے۔

آٹا ڈیلروں کے مطابق اس سے قبل مارکیٹ میں ہر ڈیلر کو یومیہ 20 کلو آٹے کے73 تھیلے فراہم کیے جاتے تھے جس کی تعداد اب کم کرکے صرف 33 تھیلے کردی گئی ہے جس کی وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔ ڈیلروں کا کہنا ہے کہ حکومت گندم کے کوٹے میں اضافے کا مناسب بندوبست کرے۔

پشاورمیں فلور ملوں کو گندم کے کوٹہ کی فراہمی میں بھی کمی آئی ہے، ملوں کو اس سے قبل 7ہزار ٹن گندم یومیہ فراہم کی جاتی تھی جو اب کم کر کے صرف 5 ہزار 500 ٹن کردی گئی ہے۔
 

Advertisement