فیصل آباد: ڈی ایچ کیو ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز اور نرسوں کی کمی، مریض خوار

Published On 12 April,2021 09:24 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں سینئر ڈاکٹرز اور نرسز کی کمی کی وجہ سے دور دراز سے آنے والے مریض اور انکے لواحقین مشکلات کا شکار، خواری جھیلنے لگے۔

فیصل آباد کا ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتال سینئر ڈاکٹرز اور نرسز سمیت دیگر اسٹاف کی شدید کمی کا شکار بن گیا، ہسپتال میں مجموعی طور پر 63 ایڈیشنل پرنسپل میڈیکل آفیسر، 142 سینئر میڈیکل آفیسر، 47 مرد اور خواتین میڈیکل آفیسر اور 200 سے زائد نرسز سمیت دیگر طبی عملے کی نشستیں خالی ہیں۔ سینئر ڈاکٹرز اور نرسز کی شدید کمی وجہ سے ہسپتال علاج معالجے کیلئے آنے والے مریض اور انکے لواحقین در بدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہیں۔

سول ہسپتال کے ڈپٹی میڈیکل سپریٹنڈنٹ کہتے ہیں کہ کورونا کی وجہ سے عملے کی بھرتیوں کا سلسلہ روکا گیا ہے، جلد سٹاف بھرتی کرکے مریضوں کو بہتر سہولیات کی فراہمی یقینی بنادی جائے گی۔

مریض اور انکے لواحقین کہتے ہیں کہ ہسپتال انتظامیہ کی معمولی توجہ اور دیکھ بھال سے ہسپتال آنے والے مریضوں کو تمام شعبوں میں بہتر سروسز کی فراہمی بھی یقینی بن سکتی ہے۔
 

Advertisement