فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پولیس کی جانب سے مال مقدمات میں پکڑی گئی ہزاروں موٹرسائیکلوں اور گاڑیوں کی کئی سال گزرنے کے بعد بھی نیلامی نہ کروائی گئی جبکہ گاڑیاں کھلے آسمان تلے کھڑی کباڑ میں تبدیل ہو گئیں۔
فیصل آباد میں ضلع بھر کے تھانوں کی پولیس کی جانب سے مال مقدمات کے طور پر پکڑی گئی ہزاروں موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں محکمانہ غفلت کی بھینٹ چڑھ گئیں۔ تھانہ سمن آباد سے ملحقہ اراضی پر گزشتہ کئی سالوں سے کھڑی ان گاڑیوں کی نہ تو نیلامی کروائی گئی اور نہ ہی انکے اصل مالکان تک انہیں پہنچایا گیا۔ بلکہ ان گاڑیوں کے قیمتی پارٹس چوری ہونے کے واقعات بھی سامنے آنے لگے ہیں۔
معاملے پر ترجمان پولیس منیب احسن کہتے ہیں ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور دیگر اداروں کی معاونت سے گاڑیوں کے اصل مالکان کی تلاش کیلئے اقدامات کئے جارہے ہیں۔
شہری کہتے ہیں کہ گاڑیوں کے مالکان نہ ملنے کی صورت میں اگر پولیس ان گاڑیوں کی بروقت نیلامی کروادیتی تو ان سے حاصل ہونے والی رقم سے محکمہ پولیس کو مالی فائدہ بھی حاصل ہوسکتا تھا۔