سوت کی قلت کے باعث دھاگہ مہنگا، کپڑے کی قیمت میں بھی 25 سے 30 فیصد اضافہ

Published On 07 March,2021 10:19 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں سوت کی قلت کے باعث ایک طرف دھاگے کی قیمت میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے تو دوسری طرف کپڑے کی قیمت میں بھی 25 سے 30 فیصد اضافہ ہوچکا ہے جس کی وجہ سے شہری اور دکاندار دونوں ہی پریشان ہیں۔

صنعتی شہر فیصل آباد جہاں پر کپڑے کی ہزاروں چھوٹی اور بڑی دکانیں ہیں جہاں سے نہ صرف لاکھوں شہری بلکہ دیگر شہروں کے ہزاروں تاجر بھی کپڑے کی خریداری کرتے ہیں۔ سوت کی قلت اور قیمت میں بے پناہ اضافے سے کپڑے کی پیداواری لاگت میں اضافہ ہوگیا ہے جس کی وجہ سے مارکیٹ میں کپڑے کی قیمت 25 سے 30 فیصد تک بڑھ چکی ہے، شہری اور دیگر شہروں سے خریداری کے لئے فیصل آباد آنے والے تاجر دونوں ہی پریشان ہیں۔

شہریوں کا کہنا ہے دکاندار 700 والا سوٹ 1000 اور 1000 والا 1300 روپے میں فروخت کررہے ہیں جبکہ تاجروں کا کہنا ہے انہیں کپڑا پیچھے سے ہی مہنگا مل رہا ہے۔

تاجروں کا کہنا ہے یہی حالات رہے تو آنے والے دنوں میں کپڑے کی قیمت میں مزید اضافہ ہوجائے گا، حکومت سوت کی قلت ختم کرنے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدمات کرے۔
 

Advertisement