فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں رواں برس گندم خریداری کا سیزن سر پر آپہنچا مگر محکمہ خوراک کے گوداموں کی تعمیر و مرمت کا آغاز تک نہیں کیا گیا۔ گوداموں کی مرمت نہ ہونے سے گندم خراب ہونے کا بھی اندیشہ ہے۔
فیصل آباد محکمہ خوراک کی غفلت اور سست روّی کے باعث رواں برس بھی گندم کے گوداموں کی تعمیرومرمت کا کام نہ ہوسکا۔ گوداموں کی دیواریں اور چھتیں عرصہ دراز سے بدحالی کا شکار ہیں۔ عمارت کی خستہ حالی کے باعث بارشوں کے دنوں میں گندم کو محفوظ رکھنے میں ملازمین کو اذیت کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ گوداموں کی حفاظتی دیواریں نہ ہونے کی وجہ سے شہریوں نے محکمہ خوراک آفس اور گوداموں کو گزرگاہ میں تبدیل کررکھا ہے۔
معاملے سے متعلق پارلیمانی سیکرٹری اور ممبر صوبائی اسمبلی شکیل شاہد کہتے ہیں گوداموں کی تعمیرو مرمت کے حوالےسے اقدامات کئے جارہے ہیں ، کام جلد مکمل کروا لیا جائے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے گوداموں کی چاردیواری اور سکیورٹی کا نظام نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری گندم کے چوری ہونے کے واقعات بھی آئے روز سامنے آتے رہتے ہیں جس سے قومی خزانے کو نقصان کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔