فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں جھنگ روڈ سے ملحقہ محلہ علیم پارک محکمہ واسا اور ضلعی انتظامیہ کی غفلت کی بھینٹ چڑھ گیا۔ علاقے میں گندے پانی کے جوہڑ مکینوں میں بیماریاں بھی بانٹنے لگے ہیں۔
فیصل آباد کے مین جھنگ روڈ سے ملحقہ محلہ علیم پارک مسائلستان بن گیا، واسا کی غفلت اور سیوریج سسٹم کی بدحالی کی وجہ سے پورے علاقے میں گندے پانی کے جوہڑ بن چکے ہیں۔ گزشتہ کئی سالوں سے لگے گندگی اور غلاظت کے ڈھیروں نے علاقہ مکینوں کا جینا محال کررکھا ہے۔ شہری کہتے ہیں متعلقہ اداروں اور منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کو متعدد بار شکایات کا اندراج کروایا گیا مگرمسائل ختم نہ ہوئے۔
معاملے سے متعلق ترجمان محکمہ واسا امین ڈوگر کہتے ہیں، سیوریج لائنوں کی مرمت اور تبدیلی سمیت دیگر ترقیاتی کام جاری ہیں، جلد شہریوں کو درپیش مسائل کا خاتمہ کردیا جائے گا۔
اہل علاقہ کہتے ہیں کہ سیوریج لائنوں اور گلیوں کی تعمیر کے حوالے سے منتخب ممبران قومی و صوبائی اسمبلی کی جانب سے متعدد بار کئے گئے وعدے بھی کھوکھلے نکلے۔