سرکاری ہسپتالوں میں لیبارٹریوں سمیت نظام آن لائن نہ ہو سکا، مریضوں کو مشکلات

Published On 25 February,2021 08:52 am

لاہور: (دنیا نیوز) سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی سہولت کے لئے ایمرجنسی وارڈ سے لے کر آوٹ ڈور، لیبارٹریوں اور میڈیسن کے نظام کو آن لائن نہ کیا جا سکا جس کی وجہ سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

فیصل آباد کے سول ہسپتال میں انتہائی رش کی وجہ سے مریضوں کو انتظار کی کوفت اٹھانا پڑتی ہے۔ 3 سال قبل ایمرجنسی وارڈز سے لے کر ہسپتال کی لیبارٹری سمیت تمام نظام کو آن لائن کیا جانا تھا لیکن حکومتی عدم توجہی کے باعث عوامی فلاح کا یہ منصوبہ مکمل نہ ہوسکا۔ ہسپتالوں کا ایمرجنسی وارڈ ہو یا پھر آوٹ ڈور وارڈ، دوا لینی ہو یا ٹیسٹ کروانا ہو، مریض لمبی لائنوں میں لگنے پر مجبور ہیں۔ ٹیسٹوں کی رپورٹ کے لئے بھی دوبارہ سے لائن میں لگنا پڑتا ہے۔

فوکل پرسن سول ہسپتال ڈاکٹر اسحاق کا کہنا ہے کہ عملے کی کمی کی وجہ سے آن لائن نظام مکمل نہیں ہوسکا۔ شہریوں کا کہنا ہے دورجدید میں بھی فرسودہ نظام رائج ہے۔ آن لائن نظام سے مریضوں کو ایک پرچی پر تمام سہولیات میسر آسکتی ہیں۔
 

Advertisement