فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں مریضوں کی تعداد میں مسلسل اضافے کی وجہ سے ہائی فلو آکسیجن کے بیڈز مکمل طورپر بھر چکے ہیں جس کی وجہ سے آئندہ دنوں میں ہسپتالوں میں آکسیجن بحران کا خدشہ ہے۔
کورونا کی تیسری لہر منہ زور، ایکٹو کیسز اور اموات کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہونے لگا۔ فیصل آباد کے تین ٹیچنگ ہسپتالوں میں 561 کورونا مریضوں کی گنجائش ہے۔ کورونا مریضوں کوسانس میں دشواری کے باعث ہائی فلو آکیسجن کے 500 بیڈز موجود ہیں جن میں سے 461 پر مریض موجود ہیں۔
آئندہ دنوں میں مریضوں کی تعداد میں مزید اضافے کا خدشہ ہے جس کی وجہ سے ہسپتالوں میں آکسیجن بحران پیدا ہوسکتا ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق ہسپتالوں میں کورونا کے 85 فیصد بیڈز پر مریض موجود ہیں۔ ٹیچنگ ہسپتالوں میں مزید مریضوں کے لئے بھی انتظامت کئے جارہے ہیں تاہم شہریوں سے اپیل ہے کہ کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کریں۔
فیصل آباد میں پوزیٹو کیسوں کی شرح بھی 15 فیصد ہے، شہریوں نے احتیاط نہ کی تو ہیلتھ سسٹم جواب دے جائے گا۔