فیصل آباد: رمضان المبارک میں دالوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور، انتظامیہ لاچار

Published On 22 April,2021 09:08 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں رمضان المبارک کے دوران دالوں کی قیمتیں بھی عام آدمی کی پہنچ سے دور ہو چکی ہیں، انتظامیہ دالوں کی قیمتوں کے حوالے سے سرکاری نرخ ناموں پر عمل درآمد نہیں کروا پا رہی۔

سستی خوراک کہلائے جانے والی دالیں بھی فیصل آباد میں اب سستی نہیں رہیں، سرکاری نرخ کے مطابق دال چنا کی قیمت 125 روپے ہے لیکن مارکیٹ میں دال چنا 15 روپے اضافہ کے بعد 140 روپے میں فروخت کی جا رہی ہے، ماش کی دال 240 اور مسور کی دال 140 روپے کی بجائے دکان دار 20 روپے منافع سے فروخت کر رہے ہیں، سفید چنا بھی 130 کی بجائے مارکیٹ میں 150 روپے فروخت کیا جا رہا ہے، دالیں پکانا اب سفید پوش طبقہ کے بس سے باہر ہو چکا ہے۔

متوسط خاندان جہاں مہنگائی سے پریشان ہیں وہاں سرکاری نرخ ناموں پر پابندی نہ کروانے پر انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی سوال اٹھاتے ہیں تاہم ڈپٹی کمشنر کہتے ہیں کہ ماہ رمضان میں دالوں کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی ہے۔

دکان دار بھی دالیں مہنگے داموں فروخت کرنے کے لئے مارکیٹ کمیٹی کی جاری کردہ ریٹ لسٹ کو دکانوں پر آویزاں نہیں کرتے یہی وجہ ہے کہ عام شہری سرکاری نرخوں سے لاعلم ہو کر پہلے مہنگائی اور پھر ناجائز منافع خوروں کے ہاتھوں لٹتے ہیں۔
 

Advertisement