فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں پولیس ملازمین کی جانب سے گیس ری فلنگ کرنے والوں سے منتھلیاں لینے کا انکشاف ہوا ہے۔ ایل پی جی ایسوسی ایشن کی جانب سے رشوت لینے والے اہلکاروں کی فہرست اور فوٹیج جاری کردی گئی۔
فیصل آباد میں گیس ری فلنگ کا دھندہ کرنے والے متحد ہوکر پولیس کے خلاف کھڑے ہو گئے۔ شہر کے 12 تھانوں کے سینکڑوں اہلکاروں کا باقاعدگی سے منتھلی لینے کا پول کھول دیا۔ گیس ری فلنگ کرنے والے کہتے ہیں کہ پولیس بلاوجہ رشوت بھی لیتی اور مقدمات بھی درج کرتی ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ رشوت لینے والے اہلکاروں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے لیکن گیس ری فلنگ خطرناک دھندہ ہے اس کے خلاف بھی کاروائی جاری رکھیں گے۔
دوسری جانب سول ڈیفنس آفیسر کہتے ہیں کہ گیس ری فلنگ کیخلاف ضلعی انتظامیہ کی ٹاسک فورس بنادی گئی ہے جس کو مشترکہ کارروائی کا اختیار حاصل ہے۔
شہری کہتے ہیں کہ کرپٹ عناصر کا محاسبہ کرتے ہوئے گیس ری فلنگ کرنے والوں کو بھی حفاظتی اقدامات کا پابند کیا جائے۔