فیصل آباد میں صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے مہم کا آغاز

Published On 28 May,2021 08:41 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے شہر بھر کی صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا۔ شہری اپنے علاقے کی صفائی ستھرائی کے ناقص نظام کے حوالے سے شکایات بھی درج کرواسکیں گے۔

فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی جانب سے ہفتہ صفائی مہم کا آغاز کردیا گیا، مہم کے دوران شہر بھر کی صفائی کو یقینی بنانے کیلئے شہر کو 7 مختلف زون میں تقسیم کیا گیا ہے۔ خصوصی آپریشن کے دوران روزانہ ایک زون کی صفائی کی جائے گی۔ کسی بھی رہائشی علاقے، مین شاہراہوں، گلیوں محلوں اور دیگر مقامات پر صفائی ستھرائی کیلئے شہری کمپنی کی آن لائن ایپ پر شکایت کا اندراج بھی کرواسکیں گے۔

ہفتہ صفائی مہم کے آغاز کے بعد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی گاڑیوں نے شہر کی مختلف شاہراہوں پر مارچ بھی کیا۔ ویسٹ ورکرز نے شہریوں سے بھی التماس کیا کہ شہری جگہ جگہ کچرا پھینکنے کی بجائے کچرا دان میں ڈالیں تاکہ شہر کو صاف ستھرا رکھا جاسکے۔

شہری کہتے ہیں کہ ویسٹ مینجمنٹ حکام صرف ہفتہ صفائی مہم کی بجائے اگر روزانہ کی بنیاد پر روٹین سے صفائی آپریشن کریں تو شہریوں کو حقیقی معنوں میں صاف ستھرا بنایا جاسکتا ہے۔
 

Advertisement