بھٹوں کو زگ زیگ سسٹم پر منتقل نہ کرنے والے مالکان پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ

Published On 09 June,2021 09:37 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فضائی آلودگی کا سبب بننے والے پرانی طرز کے بھٹوں کو زگ زیگ سسٹم پر منتقل نہ کرنے پر مسماری اور مالکان پر جرمانہ عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

گزشتہ تین سالوں سے ماحولیاتی آلودگی کو کنٹرول کرنے کے لئے اینٹوں کے روایتی بھٹوں کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے لئے پنجاب حکومت نے احکامات جاری کر رکھے ہیں، اس سلسلہ میں ہر سال موسم سرما کے دوران فضائی آلودگی کے باعث سموگ پیدا ہونے پر بھٹوں کو چند ماہ کے لئے بند بھی کر دیا جاتا ہے۔

گزشتہ سال روایتی بھٹوں کو بند کرنے اور انہیں زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کرنے کے احکامات جاری کئے گئے، ضلع فیصل آباد میں کل 500 کے قریب بھٹے ہیں، ڈپٹی کمشنر دعوی کر رہے ہیں کہ تمام بھٹہ جات نئی ٹیکنالوجی پر منتقل ہو چکے۔

فضائی آلودگی کا باعث بننے والے اور بار بار محکمہ ماحولیات کی جانب سے نوٹس ملنے پربھی روایتی بھٹوں کی منتقلی نہ کرنے والے بھٹہ مالکان کہتے ہیں کہ ضلعی انتظامیہ نے بھٹوں میں بلور فٹ کرنے والے بھٹہ مالکان کو بھی زگ زیگ ٹیکنالوجی بھٹہ تسلیم کر کے بھٹہ چلانے کی اجازت دے دی ہے۔

فیصل آباد میں اب تک صرف 80 فیصد بھٹے ہی زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوئے ہیں جن میں بیشتر بھٹہ زگ زیگ نہیں بلکہ صرف بلور والے بھٹے ہیں، ضلعی انتظامیہ نے احکامات دئیے ہیں کہ آئندہ چند روز میں پرانی ٹیکنالوجی والے بھٹوں سے اینٹیں خریدنے پر بھی پابندی عائد کر دی جائے گی۔
 

Advertisement