فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری، شہری اذیت میں مبتلا، تاجر بھی پریشان

Published On 20 June,2021 09:10 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بدستور جاری ہے، بدترین لوڈشیڈنگ نے جہاں شہریوں کی پریشانیوں میں اضافہ کیا ہے وہیں تاجر بھی کاروبار ٹھپ ہونے کا رونا رو روتے دکھائی دے رہے ہیں۔

ایک طرف آگ برساتا سورج تو دوسری طرف لوڈشیڈنگ کا عذاب، فیسکو ریجن میں طلب کے مطابق بجلی کی رسد نہ ملنے سے فیصل آباد شہر اور نواحی علاقوں میں 6 سے 8 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کی بار بار بندش سے پریشان شہری کہتے ہیں کمر توڑ مہنگائی کا سامنا ہے وہ جنریٹر یا یو پی ایس خریدنے کی سکت نہیں رکھتے۔

تاجر برادری بھی لوڈشیڈنگ پر حکومت کو آڑے ہاتھوں لے رہی ہے جن کا کہنا ہے پہلے لاک ڈاون سے کاروبار متاثر ہوئے اور اب لوڈشیڈنگ کے باعث کاروبار ٹھپ پڑے ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافہ ممکن ہے۔ لوڈشیڈنگ پر قابو نہ پایا گیا تو شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ جائیں گی۔
 

Advertisement