اسلام آباد:(دنیا نیوز)ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی 18 فیصد سے نیچے نہ آسکی اورایک ہفتے میں 19 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیئے ہیں جس کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی کی شرح میں 0.07 فیصد کی معمولی کمی، مہنگائی کی مجموعی شرح 18.58 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے کے دوران 9 اشیا کی قیمتوں میں کمی اور 23 میں استحکام دیکھا گیا، ایک ہفتے میں دال مسور کی قیمت میں 6 روپے 18 پیسے فی کلو اضافہ ہوا ،دال چنا 4روپے 20 پیسے ،دال ماش 7 روپے 7 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی۔
اعدادوشمار کےمطابق حالیہ ہفتے دال مونگ 3 روپے 85 پیسے فی کلو مہنگی ہوئی ، لہسن ایک روپے 93 پیسے پیاز 64 پیسے فی کلو مہنگا ہوا ،آگ جلانے کی لکڑی کی قیمت میں 4 روپے فی من اضافہ ہوا، کوکنگ آئل، چاول خوردنی گھی اور بیف مہنگا ہوا ۔
حالیہ ہفتے ٹماٹر 13 روپے 15 پیسے فی کلو سستے ہوئے ،زندہ مرغی کی قیمت میں24 روپے 71 کمی ہوئی ، آلو 2 روپے 64 پیسے فی کلو سستے ہوئے، اہل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 71 روپے50 پیسے ،بیس کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں 5 روپے 41 پیسے فی کمی ریکارڈ کی گئی۔
ادارہ شماریات کے مطابق ایک ہفتے میں چینی 95 پیسے فی کلو سستی ہوئی جبکہ حالیہ ہفتے 23 اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں استحکام رہا۔