کراچی: (دنیا نیوز) مانیٹری پالیسی کا اعلان 14 دسمبر کو کیا جائے گا، عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق شرح سود میں ڈیڑھ فیصد تک اضافے کا امکان ہے۔
ایک ماہ کے لئے مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا جارہا ہے، مرکزی بینک مانیٹری پالیسی کا اعلامیہ جاری کرے گا۔ عالمی جریدے بلوم برگ کے مطابق مہنگائی پر قابو پانے اور بڑھتے ہوئے جاری کھاتوں کے خسارے کو کم کرنے کے لئے سٹیٹ بینک شرح سود میں ڈیڑھ فیصد تک اضافہ کرسکتا ہے۔
بلوم برگ کے مطابق سال 2022 میں مہنگائی کی شرح ساڑھے 10 فیصد سے زائد رہنے کا خدشہ ہے جس کے باعث مرکزی بینک جون 2022 تک شرح سود 12 اعشاریہ 75 فیصد تک پہنچ سکتا ہے جس سے مہنگائی کی شرح میں کمی ہونے کا امکان ہے۔
اس وقت شرح سود 8 اعشاریہ 75 فیصد پر برقرار ہے۔ معاشی ماہرین کے مطابق مرکزی بینک کی جانب سے شرح سود میں مزید اضافے سے جہاں مہنگائی کی رفتار میں کمی کا امکان ہے، وہیں معاشی ترقی کی شرح سست روی کا شکار ہوسکتی ہے۔