سعودی عرب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر موصول

Published On 04 December,2021 04:09 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) وزیراعظم عمران خان کے مشیر برائے خزانہ شوکت ترین نے کہا ہے کہ سعودی عرب سے پاکستان کو 3 ارب ڈالر موصول ہوگئے۔

یاد رہے کہ چند روز قبل سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان تین ارب ڈالر قرض ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کیے گئے تھے۔ معاہدے کے تحت سعودی فنڈ کو اسٹیٹ بینک کے پاس 3 ارب ڈالر رکھوانے تھے جو اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائرکا حصہ ہوں گے۔

وزیراعظم کے مشیر خزانہ شوکت ترین نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر لکھا کہ سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر ڈپازٹ کے طورپردئیے ہیں جو سٹیٹ بینک کو موصول ہوگئے ہیں۔

مشیر خزانہ شوکت ترین نے ڈپازٹ کی رقم موصول ہونے پر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اورسعودی حکومت کا شکریہ ادا کیا ۔

بینک حکام کے مطابق سعودی عرب سے 3 ارب ڈالر موصول ہونے کے بعد ذرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوگیا ہے اس کے ملکی معیشت پر مثبت اثرات ہونگے۔
 

Advertisement