پی ٹی آئی حکومت میں 10 لاکھ 26 ہزار لوگ ملازمت کی غرض سے بیرون ملک گئے

Published On 02 December,2021 05:36 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی وفاقی حکومت آنے کے بعد تین سال کے عرصے میں 10 لاکھ 26 ہزار 600 سے زائد افراد ملازمت کی غرض سے بیرون ملک گئے ہیں۔

وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری کی طرف سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی حکومت کے گزشتہ تین سالوں میں بیرون ملک ملازمت کے لیے بیورو آف امیگریشن اینڈ اوورسیز ایمپلائمنٹ کے ساتھ رجسٹر ہونے والے پاکستانیوں میں سب سے زیادہ تعداد سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات (یو اے ای) جانے والوں کی تھی۔

فواد چودھری کی طرف سے جاری کردہ فہرست کے مطابق سعودی عرب میں ملازمت کی غرض سے 5 لاکھ 70 ہزار افراد روانہ ہوئے، متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں دو لاکھ 71 ہزار سات سو پاکستانی جبکہ تیسرے نمبر پر اومان کیلئے 61 ہزار چار سو افراد روانہ ہوئے۔

وفاقی وزیر اطلاعات کی طرف سے جاری کردہ ٹویٹ میں اعداد و شمار کے مطابق کورونا کے باوجود 3 سال میں 11 لاکھ لوگوں کو صرف بیرون ممالک میں نوکری ملی ہے، اگلے دو سالوں میں پوری امید ہے بیس لاکھ لوگ بیرون ملک جائیں گے۔

اعداد و شمار کے مطابق تین سالوں میں 53 ہزار چھ سو پاکستانی قطر جانے کیلئے رجسٹرڈ ہوئے جبکہ 25 ہزار بحرین، 13 ہزار ملائیشیا، 5 ہزار عراق، 2600 یونان اور 2400 برطانیہ میں ملازمت کے لیے رجسٹرڈ ہوئے۔

فہرست میں چین کا دسواں نمبر ہے جہاں ملازمت کے لیے 1943 افراد رجسٹرڈ ہوئے، جبکہ پہلے 7 خلیجی اور ایشیائی ممالک ہیں جہاں جانے کے لیے پاکستانیوں نے رجسٹرڈ کیا۔
 

Advertisement