ریاض: (دنیا نیوز) پاکستان کے بعد سعودی عرب نے بھی افریقی ممالک سے آنے والےمسافروں پر پابندی عائد کردی، جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن سعودی عرب نے نیا سفری ہدایت نامہ جاری کر دیا۔
سعودی جنرل اتھارٹی آف سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری سفری ہدایت نامے کے مطابق جنوبی افریقہ، نمیبیا، بوٹسوانا، زمبابوے، موزمبیق، لیسوتھو اور ایسواتین براہ راست اور بلاواسطہ آنے والے مسافروں پر پابندی عائد کردی گئی، دو ہفتے کسی اور ملک میں قرنطینہ والے ان ممالک کے شہریوں کو سعودی عرب آنے کی اجازت ہوگی، مستثنیٰ کیٹگری کے حامل ان ممالک کے شہریوں کیلئے پانچ روز کا قرنطینہ لازم ہوگا، خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سعودیہ پہنچنے والے مسافروں کےلئے 14 روزہ اداراتی انشورنس کا حامل ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے، سعودی شہری ، ریزیڈنٹ اور جی سی سی ریزیڈنٹ ویزا کے حامل افراد انشورنس کور سے مستشنی ہونگے، انشورنس کور کے حامل مسافر دوران قیام ایمرجنسی اور میڈیکل سہولیات سے استفادہ کر سکیں گے۔