لاہور: (دنیا نیوز) سردی میں اضافے کے ساتھ ہی خشک لکڑی کی قیمت میں تین سوروپے فی من اضافے نے غریب عوام کے چولہے ٹھنڈے کر دیئے، مہنگی ایل پی جی کے بعد گیس کا متبادل ایندھن لکڑی بھی شہریوں کی پہنچ سے دور ہونے لگی۔
سردی کی شدت میں اضافہ کے ساتھ ہی گوجرانوالہ میں گیس کے کم پریشر نے شہریوں کو خشک لکڑی کو بطور ایندھن استعمال کرنے پر مجبور کر دیا ہے۔ شہریوں کی اسی مجبوری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے لکڑی فروخت کرنے والوں نے اس کی قیمت میں کئی گنا اضافہ کر دیا ہے۔
ایک ہفتہ قبل 500 روپے فی من ملنے والی لکڑی اب 800 روپے فی من فروخت ہو رہی ہے جس پر لکڑی فروخت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ لکڑی کی بڑھتی ہو ئی مانگ اس کی قیمتوں میں اضافہ کا سبب ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ گیس کی لوڈشیڈنگ کے باوجود بل پورے ادا کرتے ہیں، حکومت کو چاہئے کہ کم از کم اتنی گیس فراہم کی جائے جس سے گھر کا چولہا جلتا رہے ۔