کراچی: (دنیا نیوز) ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کا دورہ کیا اور انڈسٹری کے ممبران سے ملاقات کی۔
ترجمان رینجرز کے مطابق فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نصیر حیات مگو اورممبران نے ڈی جی رینجرز (سندھ) کا استقبال کیا، ڈی جی رینجرز (سندھ) اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری شرکاء کے درمیان شہر کی سکیورٹی کی صورتحال اور باہمی تعاون پر تبادلہ خیال ہوا۔
صدر نصیر حیات مگو کا کہنا تھا کہ سندھ بالخصوص کراچی میں امن قائم کرنے پر تمام قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوش اور شہداء کی قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
اس موقع پرڈی جی رینجرز (سندھ) میجر جنرل افتخار حسن چوہدری نے کہا کہ کراچی میں قائم ہونے والا امن کراچی کے عوام اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی مشترکہ کاوشوں اور قربانیوں کا مرہون منت ہے۔
اس موقع پر انڈسٹریز کے شرکاء نے کراچی میں امن و امان کی بحالی کے سلسلے میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کی خدمات کو سراہا اور بحالی امن کے اقدامات میں اپنے بھر پور تعاون کا یقین دلایا۔