کراچی: (دنیا نیوز) پاکستان رینجرز سندھ نے مختلف علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 ملزمان پر مشتمل دورانِ ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے انتہائی مطلوب گروہ کو گرفتار کرلیا جن کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد ہوا۔
سندھ رینجرز اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر لائنز ایریا، کورنگی، لیاقت آباد اور ناظم آباد کے علاقوں میں کارروائی کرتے ہوئے 5 افراد پر مشتمل دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کرنے والے انتہائی مطلوب ڈکیت گروہ کو گرفتار کرلیا۔ جن میں کامران امجد، وقار علی عرف بنٹو، اسد عرف چھوٹا، شیراز عرف شیری اور عدنان عرف عدی شامل ہیں۔
گروہ کراچی کے مختلف علاقوں میں انتہائی منظم طریقے سے سٹریٹ کرائم، گھروں اور دکانوں میں ڈکیتیوں کے ساتھ ساتھ بینک یا منی چینجر سے رقم نکلوانے والے افراد کو لوٹتے تھے۔
ملزمان کے قبضے سے 5 عدد پسٹل بھی بر آمد کیے گئے۔ ملزمان دوران ڈکیتی مزاحمت پر قتل کی 4 وارداتوں میں بھی ملوث ہیں۔ 28 دسمبر 2018ء کو ملزمان نے محمد عماد السلام کو جیکب لائن میں دوران ڈکیتی مزاحمت کر نے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔
30 ستمبر 2019 کو ملزمان نے توفیق کو شاہراہ قائدین پر دورانِ ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ 19 نومبر 2019ء کو محمد عمران کو جیکب لائن میں دورانِ ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔
31 جنوری 2020ء کو انعام علی کو سولجر بازار نمبر 3 میں اس کی بہن ڈاکٹر فرحین کے سامنے دوران ڈکیتی مزاحمت کرنے پر فائرنگ کر کے قتل کیا۔ مقتول اور اس کی بہن منی چینجر سے رقم تبدیل کرواکر گھر واپس آرہے تھے۔
ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایمونیشن بھی بر آمد کر لیا گیا ہے جو کہ تحویل میں لے لیا گیا اور قانونی کارروائی کیلئے پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔