لاہور: (ویب ڈیسک) تین کاروباری روز میں تعطیلات کے بعد ایک مرتبہ پھر امریکی ڈالر کی قیمت میں اضافہ ہو گیا جبکہ پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کے باعث سرمایہ کاروں کو اربوں روپے کا فائدہ ہوا۔
تفصیلات کے مطابق حکومت کی جانب سے سخت اقدامات کیے جانے کے باوجود ملک بھر میں امریکی ڈالر کی قیمت میں مسلسل اضافہ دیکھنے کو مل رہا ہے، قوی امکان ہے کہ آئندہ ہفتے آئی ایم ایف کی طرف سے ملنے والی ایک ارب ڈالر سے زائد کی قسط کے بعد دیگر عالمی اداروں سے مزید فنڈنگ ملے گی جس کے بعد امریکی کرنسی کی قدر میں گراوٹ دیکھنے کو مل سکتی ہے۔
اوپن مارکیٹ میں امریکی ڈالر کی قیمت میں 50 پیسے مہنگا ہوا اور نئی قیمت 179 روپے ہو گئی ہے۔
Interbank closing #ExchangeRate for today: https://t.co/4Mj68aVpZ7 pic.twitter.com/JLuJb8XK4l
— SBP (@StateBank_Pak) January 4, 2022
دوسری طرف سٹیٹ بینک آف پاکستان کی سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق رواں ہفتے کے پہلے کاروباری روز کے دوران انٹربینک میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں 24 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا اور قیمت 176 روپے 51 پیسے سے بڑھ کر 176 روپے 75 پیسے ہو گئی ہے۔
دوسری طرف پاکستان سٹاک مارکیٹ میں زبردست تیزی کی واپسی ہوئی ہے، 100 انڈیکس 503.95 پوائنٹس کی بڑھوتری کے بعد 45390.84 پوائنٹس کی سطح پر پہنچ کر بند ہوا۔
پورے کاروباری روز کے دوران کاروبار میں 1.12 فیصد کی بہتری دیکھی گئی اور 13 کروڑ 42 لاکھ 70 ہزار 525 شیئرز کا لین دین ہوا جس کے باعث سرمایہ کاروں کو 100 ارب روپے کے قریب فائدہ ہوا۔