اسلام آباد:(دنیا نیوز) تیل کمپنیوں اور ریفائنریوں نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور پرائسنگ ایشو پر شدید تحفظات کا اظہار کیا جبکہ حکومت نے معاملے کے حل کے لئے پرائس میکنزم بنانے کی یقین دہانی کروا دی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی اور تیل کمپنیوں کے تحفظات پر چیئرمین اوگرا مسرورخان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری پٹرولیم، تیل کمپنیوں اور ریفائنریوں کے حکام نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں تیل کمپنیوں اورریفائنریوں کی جانب سے پرائسنگ میکنزم پرتحفظات کا اظہار کیا گیا ، سیکرٹری پیٹرولیم کی جانب سے اسٹیک ہولڈرز کو یقین دہانی کروائی گئی ہے کہ پرائسنگ میکنزم کے حوالے سے ڈرافٹ تیار کیا جائے اور اس پر تمام شراکت داروں کو اعتماد میں لیا جائے ۔
ذرائع نے بتایا کہ سیکریٹری پیٹرولیم نے کہا کہ حکومت میں بیٹھا ہرشخص انڈسٹری کو چلانا چاہتا ہے، انڈسٹری کو ممکن مالی وسائل فراہم کئے جائیں گے، حکومت خود بوجھ برداشت کرے گی، انڈسٹری پر بوجھ نہیں جانے دیا جائے گا۔
آئل ریفائنری حکام کا کہنا تھا کہ ریفائنریاں کسٹم ڈیوٹی کم کرنے کے حق میں نہیں ہیں،2 مارچ سے ڈیزل کی فراہمی کے حوالے سے مشکلات ہیں۔
حکام نے اوگرا اتھارٹی کو بتایا کہ صرف پٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی نہیں سیکٹر کی اور بھی مشکلات ہیں۔
چیئرمین اوگرا نے کہا کہ آئل انڈسٹری شارٹیجز اور پینک بائینگ جیسے حساس الفاظ استعمال نہ کرے۔