مہنگائی کی رفتار مزید تیز، گھی و دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ

Published On 24 March,2022 07:35 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) روپے کی بے قدری سے مہنگائی کی رفتار مزید تیز ہوگئی، گھی، کوکنگ آئل، سفید چنے اور دیگر اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں پھر اضافہ کردیا گیا۔

روپے کی بے قدری اور رمضان المبارک کی آمد آمد، ملک میں مہنگائی کے سونامی نے رفتار مزید تیز کردی، گھی، خوردنی تیل، سفید چنے، شربت اور پکوڑیاں مزید مہنگی ہوگئیں۔

درجہ اول کے گھی کی قیمت میں 5 روپے فی کلو اضافہ کیا گیا، جس کے بعد گھی کی قیمت 450 سے بڑھ کر 455 روپے فی کلو ہو گئی، 16 کلوگرام گھی کے ڈبے کی قیمت 7150 روپے مقرر کردی گئی، کوکنگ آئل بھی 10 روپے فی لٹر مہنگا ہوگیا، خوردنی تیل کی قیمت 480 سے بڑھ کر 490 روپے فی لٹر ہوگئی، 5 لٹر آئل پیک 50 روپے اضافے سے 2450 روپے کا ہوگیا ہے۔

مارکیٹ میں سفید چنے کی قیمت 20 روپے کلو بڑھا دی گئی، جس کے بعد سفید چنے کے نرخ 230 روپے فی کلو مقرر کردئیے گئے، پکوڑیاں 80 روپے اضافہ کے بعد 400 روپے فی کلو میں دستیاب ہوں گی، ایک لٹر شربت بوتل 10 روپے اضافہ کے بعد 290 روپے کی کر دی گئی۔

اشیائے خورونوش کی نئی قیمتو ں پر صارفین نے سر پکڑ لیے اور کہا کہ مہنگائی نے جینا حرام کر دیا، دو وقت کی روٹی کھانا بھی مشکل ہوچکا ہے۔

ذرائع کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پام آئل کی قیمت بڑھی ہے، روپے کی بے قدری بھی مہنگائی میں اضافے کی وجہ بن رہی ہے۔
 

Advertisement