اسلام آباد: (دنیا نیوز) یوٹیلیٹی سٹورز پر رمضان پیکیج ختم کر دیا گیا۔ مختلف اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا۔ دال ماش، دال مونگ 10 روپے فی کلو، بیسن 20 روپے کلو اور مختلف برانڈز کے کوکنگ آئل 20 روپے تک فی لیٹر مہنگے ہوگئے۔ نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق کھجور کا 500 گرام پیکٹ 10 روپے۔ 950 گرام چائے کی پتی67 روپے، 400 گرام مسالے کی قیمت میں 36 روپے، ایک لٹر ملک پیک 20 روپے، سفید زیرہ 200 گرام 23 روپے تک مہنگا کردیا گیا۔
50 گرام الائچی کی قیمت 18 روپے، لال مرچ 200 گرام 18 روپے، شیمپو14 روپے، 100گرام ہلدی کی قیمت 4 روپے بڑھادی گئی۔
دوسری جانب یوٹیلیٹی سٹورز کارپوریشن کا کہنا ہے کہ وفاقی حکومت کی طرف سے 19 اشیا کی بجائے اب 5 اشیا پر سبسڈی دی جائیگی، چینی 70 روپے فی کلو، آٹا 10 کلوکا تھیلا 400 روپے جبکہ گھی 260 روپے فی کلوکے حساب سے ہی دستیاب ہو گا۔ چاول اور دالوں پر بھی سبسڈی دی جائیگی۔