فیصل آباد: پاور لومز مزدور گذشتہ برس مقررہ کم از کم اجرت 25 ہزار سے تاحال محروم

Published On 23 May,2022 10:31 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) حکومت نے مزدور کی کم از کم تنخواہ 25 ہزار تو مقرر کر دی ہے تاہم فیصل آباد میں پاور لومز سمیت چھوٹی صنعتوں میں کام کرنے والے مزدوروں کو اب تک گزشتہ سال بجٹ میں اعلان کردہ تنخواہ ملنا شروع نہیں ہو سکی۔

گرم موسم میں شور مچاتی مشینوں میں پسینے سے شرابور یہ مزدور اپنے کام میں پوری طرح مگن ہیں، یہ کام کی رفتار رکنے دیتے ہیں اور نہ ہی گرمی کا شکوہ چہروں پر لاتے ہیں کیونکہ دن بھر کی مزدوری سے ملنے والی اجرت سے گھر کا چولہا جو جلانا ہوتا ہے۔

نئی حکومت کی جانب سے ماہانہ تنخواہ 25 ہزارکرنے کے احکامات دئیے گئے لیکن مزدور سوال کرتے ہیں کہ فیصل آباد کی پاور لومز سمیت چھوٹی صنعتوں کے مزدوروں کو گذشتہ سال بجٹ میں حکومتی اعلان کردہ تنخواہ پر عمل درآمد نہیں ہو سکا تو اب نئے کیے گئے اعلان پر پیسے کون دلوائے گا۔

مزدروں کا کہنا ہے کہ دو وقت کی روٹی کے لیے کئی گھنٹے پاور لومز میں کام کرنا پڑتا ہے، مالکان بھی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور ڈالر کی قیمت غیر مستحکم ہونے سمیت مال کا آرڈر زیادہ نہ ہونے پر مزدروں کو کم اجرت دینا مجبوری قرار دیتے ہیں۔

حکومتی اعلان کردہ مزدور کو تنخواہ دلوانے کے لیے پنجاب مینیمم ویجز بورڈ (Minimum Wages Board (غیر فعال ہے جسے فعال کر کے مہنگائی میں پستے مزدوروں کو حق دلوایا جا سکتا ہے۔
 

Advertisement