فیصل آباد: مہنگائی کنٹرول سے باہر، گندم کی قیمت 2600 روپے فی من، 20 کلو آٹے کا تھیلا 1400 روپے سے تجاوز

Published On 12 May,2022 09:21 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنڑول کرنا انتظامیہ کے بس سے باہر ہو گیا۔ گندم کی قیمت 2600 روپے فی من جبکہ آٹے کے بیس کلوگرام تھیلے کی قیمت 1400 روپے سے بھی تجاوز کر گئی۔

فیصل آباد میں محکمہ خوراک اور ضلعی انتظامیہ سمیت دیگر متعلقہ ادارے آٹے اور گندم کی قیمتوں کو کنٹرول میں ناکامی کا شکار بن گئے، گندم کی کٹائی کے سیزن کے دوران ہی اوپن مارکیٹ میں گندم کی قیمت 2600 روپے فی من تک جاپہنچی ہے جبکہ آٹے کا بیس کلوگرام کا تھیلا 1400 روپے اور دیسی آٹے کی قیمت 80 سے 85 روپے فی کلوگرام تک پہنچ چکی ہے جس سے عام آدمی کیلئے گزربسر کرنا محال ہوگیا ہے۔

معاملے پر اسسٹنٹ کمشنر سٹی کہتے ہیں کہ ناجائز منافع خوروں کے خلاف کاروائیاں جاری ہیں اور شہریوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے بھی اقدامات کئے جارہے ہیں۔

شہری کہتے ہیں گندم کی کٹائی کے سیزن کے دوران ہی گندم اور آٹے کی قیمتوں میں ہونے والا ہوشربا اضافہ اس بات کی نشاندہی کررہا ہے کہ آئندہ دنوں میں صورتحال شدت اختیار کرسکتی ہے، جسے کنٹرول کرنے کیلئے بروقت اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔
 

Advertisement