خیبرپختونخوا: غذا کی کمی پوری کرنے کیلئے فوڈ فورٹی فکیشن منصوبہ تاخیر کا شکار

Published On 02 November,2021 09:58 am

پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں غذا کی کمی کو پورا کرنے کےلیے فوڈ فورٹی فکیشن منصوبہ تاخیر کا شکار ہوگیا، صوبائی وزیرخوراک کہتے ہیں کابینہ نے منظوری دیدی ہے جلد اسمبلی سے بھی منظوری لی جائیگی۔

خیبر پختونخوامیں دو سال سے زائد کا عرصہ گزر جانے کے باوجود فورٹی فیکیشن پروگرام شروع نہ کیا جاسکا۔ فوڈیفیکیشن پروگرام کے تحت غذا کی کمی کو پورا کرنےکیلئےآٹے میں آئرن ،زینک،فولک ایسڈ اوروٹامن بی بارہ شامل کیا جانا تھا۔ اس مقصد کیلئے فلور ملوں میں مائیکرو فیڈرزنصب کیے جانے تھے تاہم دو سال گزرنے کے بعد صوبے کے صرف 14 اضلاع میں مائیکرو فیڈرزفراہم کیےگئے۔

وزیرخوراک کا کہنا ہے کہ پروگرام کی منظوری کابینہ نے دیدی ہے بہت جلد اسمبلی سے بھی منظوری لی جائیگی۔

دوسری جانب فلورمل مالکان کا کہنا ہے کہ فورٹی فیکیشن منصوبہ حکومت کا احسن اقدام ہے تاہم صوبہ آٹے کی ضروریات زیادہ تر پنجاب سے پوری کررہا ہے ،اس لیے پنجاب میں پروگرام نافذ العمل کیا جائے۔

سرکاری حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں لوگوں میں وٹامن اے اور ڈی کی کمی ہے ،فورٹی فیکیشن پروگرام سے اس مسئلے کو حل کیا جاسکتا ہے۔
 

Advertisement