کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور

Published On 16 August,2021 07:34 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک میں آٹے کے 20 کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار تین سو پچاس روپے تک پہنچ گئی، کراچی کے شہری ملک میں سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق ملک میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار 350 روپے تک پہنچ گئی، ملک کے سب سے بڑے شہر کراچی کے شہری سب سے مہنگا اور حیدر آباد کے شہری دوسرے نمبر پر سب سے مہنگا آٹا خریدنے پر مجبور ہیں۔

ادارہ شماریات کے مطابق حیدر آباد میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار دو سو اسی، کوئٹہ ایک ہزار دو سو چالیس، راولپنڈی اور خضدار ایک ہزار دو سو، اسلام آباد ایک ہزار ایک سو ستر اور لاڑکانہ میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار ایک سو ساٹھ روپے تک ہے۔

اسی طرح سکھر میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار ایک سو چالیس،پشاور اور بنوں ایک ہزار ایک سو تیس،لاہور ایک ہزار ایک سو دس، گوجرانوالہ اور سیالکوٹ ایک ہزار ایک سو- ملتان ایک ہزار اسی، سرگودھا ایک ہزار ستر، بہاولپور ایک ہزار پچاس اور فیصل آباد میں آٹے کے بیس کلو تھیلے کی قیمت ایک ہزار بیس روپے تک ہے۔

حکومت نے مالی سال2020-21 میں 98 کروڑ ڈالرز سے زائد مالیت کی چھتیس لاکھ بارہ ہزار چھ سو اڑتیس میٹرک ٹن گندم درآمد کی جبکہ رواں مالی سال مزید چالیس لاکھ میٹرک ٹن تک گندم درآمد کرنے کا پلان ہے۔

اس سال گندم کی رکارڈ دو کروڑ بہتر لاکھ تہتر ہزار میٹرک ٹن پیداوار رکارڈ کی گئی ،تاہم اس سال کیلئے گندم کی کھپت کا تخمینہ تقریبا دو کروڑ تریانوے لاکھ اورشارٹ فال کا تخمینہ بیس سے اکیس لاکھ میٹرک ٹن لگایا گیا ہے۔
 

Advertisement