فیصل آباد: (دنیا نیوز) ایف بی آر کی جانب سے نافذ کئے گئے نئے ٹیکسز کے خلاف فلور ملز مالکان نے ملک بھر میں احتجاجا ملز بند کرنے اور آٹے کی سپلائی روکنے کا اعلان کردیا۔
ایف بی آر نے فلور ملز پر نئے ریٹرن ٹیکسز کا بم گرانے کی تیاریاں کر لیں، ٹیکسز کے نفاذ سے فلور ملز مالکان کو پہلے سے پانچ گنا زیادہ ٹیکسز کی ادائیگی کرنا پڑے گی جس کے خلاف فلور ملزمالکان نے احتجاجا 24 جون سے ملک بھر میں ملز کی بندش اور آٹے کی سپلائی روکنے کا اعلان کر دیا جس سے نہ صرف فلور ملز مالکان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑے گا بلکہ آٹے کی قلت پیدا ہونے سے اسکی قیمتوں میں بھی ریکارڈ اضافے کا خدشہ ہے۔
چئیرمین فیصل آباد فلور ملز ایسوسی ایشن کہتے ہیں نئے ٹیکسز کے نفاذ کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں 15 سے 20 روپے فی کلوگرام اضافہ متوقع ہے، اگر حکام نے ٹیکسز کے نفاذ کا فیصلہ واپس نہ لیا تو احتجاجی دائرہ کار وسیع کردیا جائے گا۔
شہری کہتے ہیں کہ آٹے کی قیمت پہلے سے ہی آسمان کی بلندیوں کو چھو رہی ہے اگر مزید اضافہ ہوا تو عام آدمی فاقہ کشی پر مجبور ہوجائے گا۔