پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا میں ایک بار پھر گندم اور آٹے کے بحران کے خدشات پیدا ہوگئے، پنجاب سے گندم کی ترسیل پر پابندی کے باعث فلار ملز بند ہونے لگیں، معاون خصوصی کہتے ہیں پاسکو کے ساتھ گندم سے متعلق معاملات کو طے کیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کو پنجاب کی جانب سے دو ہزار میٹرک ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے جو کہ صوبے کی ضرورت سے بہت کم ہے، ضرورت کے مطابق گندم کی عدم فراہمی سے صوبے میں فلور ملز انڈسٹری کو بھی مشکلات کا سامنا ہے، فلورملز ایسوسی ایشن کے مطابق پابندی کا فیصلہ واپس نہ لیا گیا تو صوبے میں گندم اور آٹے کے بحران کا سامنا ہوگا۔
دوسری جانب معاون خصوصی کامران بنگش کا کہنا ہے کہ گندم کے معاملات پر نظر ہے، صوبے کے لیے 2 ہزار ٹن بڑی تعداد ہے، صوبے کی اپنی پیداوار بڑھانے سمیت پاسکو کے ساتھ گندم سے متعلق معاملات طے پائے جا رہے ہیں۔
خیبرپختونخوا کو گندم کی یومیہ ضرورت 10 ہزارمیٹرک ٹن ہے، پنجاب سے 5 ہزار روپے 100 کلو گندم خریدی جارہی ہے۔