پشاور: (دنیا نیوز) خیبرپختونخوا کو پنجاب سے آٹے کی ترسیل سے متعلق مسائل حل نہ ہو سکے، پابندی سے صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافہ ہو گیا، 80 کلو کی بوری 200 روپے مہنگی ہو گئی جبکہ 20 کلو تھیلے کی قیمت میں بھی 100 روپے اضافہ ہو گیا۔
خیبرپختونخوا کو پنجاب سے آٹے کی ترسیل پر پابندی کے باعث صوبے میں آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ جاری ہے، ایک ہفتے کے دوران 20 کلو کا تھیلا مزید 100 روپے مہنگا ہوگیا۔ پشاورکی ہول سیل آٹا مارکیٹ رام پورہ ، دلہ زاک روڈ اوراشرف روڈ پرپنجاب کے سپیشل 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت 1350 روپے سے بڑھ کر 1450 روپے ہوگئی ہے، سپر فائن 20 کلو کا تھیلا 1400 سے بڑھ کر 1500 روپے کا ہوگیا ہے ،شہری بھی آٹے کی بڑھتی قیمتوں سے پریشان ہیں۔
آٹا ڈیلروں کے مطابق پنجاب سے ترسیل پر پابندی سمیت دیگر مسائل کے باعث قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے جبکہ قیمتوں میں مزید اضافے کے بھی خدشات ہیں۔
اوپن مارکیٹ میں 80 کلو آٹے کی بوری کی قیمت میں بھی 300 روپے کا اضافہ ہوا ہے اور بوری 6 ہزارسے بڑھ کر 6 ہزار 300 روپے کی ہو گئی ہے، پرچون میں آٹے کا تھیلا اوپن مارکیٹ سے مزید 50 روپے مہنگا کرکے فروخت کیا جارہا ہے۔