اسلام آباد (شعیب نظامی) نئے مالی سال میں ملک بھر کے ہسپتالوں کی انتظامیہ نے سیلز ٹیکس عائد ہونے پر سر پکڑ لیے ہیں۔
ملک کے ہسپتالوں کی انتظامیہ کی جانب سے وزیر خزانہ ڈاکٹر مفتاح اسماعیل اور چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو عاصم احمد کو خصوصی مراسلے بھیجے گئے ہیں جن میں ہسپتال انتظامیہ کا موقف ہے کہ چھوٹے ہسپتالوں پر 17 سیلز ٹیکس عائد ہونے سے علاج مہنگا ہوجائے گا۔
سیلز ٹیکس کی وجہ سے چھوٹے ہسپتالوں میں غریب افراد کے لیے علاج دسترس سے باہر ہو جائے گا، چھوٹے ہسپتال سیلز ٹیکس مریضوں سے وصول کرنے پر مجبور ہوجائیں گے۔
اس سلسلے میں ملک کے 11 ہسپتالوں سے سیلز ٹیکس ختم کرنے کی درخواست دے دی گئی ہے جس میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ بجٹ میں سیلز ٹیکس کی چھوٹ صرف بڑے ہسپتالوں کے لیے مختص کی گئی ہے اسے چھوٹے ہسپتالوں تک بھی دیا جائے۔
انتظامیہ کا موقف ہے کہ سیلز ٹیکس کی چھوٹ صرف 50 بستروں سے زائد کے ہسپتالوں تک محدود کرنے کی تجویز سے چھوٹے ہسپتالوں میں علاج معالجہ مہنگا ہوجائے گا۔