کوئٹہ میں قربانی کے جانوروں کے لئے منڈیاں سج گئیں، گزشتہ برس کی نسبت قیمتیں دوگنی

Published On 29 June,2022 11:57 am

کوئٹہ : (دنیا نیوز) کوئٹہ میں عید قرباں کی آمد کے ساتھ ہی قربانی کے جانوروں کے لئے منڈیاں سج گئیں اور خریداروں کا رش بھی بڑھ گیا مگر گزشتہ برس کی نسبت قیمتیں دوگنی ہوگئی ہیں۔

کوئٹہ میں عید الاضحٰی کے موقع پر قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے منڈیاں سجنا شروع ہو گئیں۔ گوالمنڈی چوک، ائیر پورٹ روڈ اور بھوسہ منڈی میں بڑی جبکہ اسپینی روڈ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں چھوٹی منڈیاں لگائی گئی ہیں جہاں ان دنوں خریدار اپنے من پسند قربانی کے جانوروں کی خریداری کے لئے پہنچنا شروع ہوگئے ہیں۔

مشرقی بائی پاس بکرا منڈی میں اپنے وزن، خوبصورتی میں منفرد نظر آنے والے بکرے جن کا نام بھی مالک نے شہنشاہ اور دبنگ رکھا ہے۔ خریداروں کی توجہ کا مرکز بنے ہوئے ہیں۔ مالک کا کہنا ہے بڑی محنت اور پیار سے ان جانوروں کو پالا ہے اب اس کی قیمت وصول کرنے کا وقت ہے جبکہ خریدار بھی قیمت کم کروانے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں تاکہ یہ دونوں ان کے گھر کی رونق بنیں۔

منڈی میں آئے شہریوں کا کہنا ہے کہ اس بار بھی جانوروں کی قیمتیں پہلے کی نسبت بہت زیادہ ہیں مگر قیمت زیادہ ہو یا کم قربانی کے لئے اچھے سے اچھا جانور خریدنا ان کی خواہش ہے تاکہ پروردگار کو راضی کر سکیں۔
 

Advertisement