خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ماہی پروری کا شعبہ تباہ

Published On 30 August,2022 04:39 pm

پشاور:(دنیا نیوز) خیبر پختونخوا میں سیلاب سے متاثرہ اضلاع میں ماہی پروری کا شعبہ تباہ ہوگیا۔

محکمہ ماہی پروری کی ابتدائی رپورٹ دنیا نیوز کو موصول ہوگئی جس کے مطابق صوبے میں حالیہ سیلاب کے باعث چترال، دیر بالا، سوات، شانگلہ، کوہستان اور مانسہرہ میں شعبہ ماہی گیری کو نقصان پہنچا، مجموعی طور پر فشریز کو ایک ارب 82 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا۔

رپورٹ کے مطابق چترال میں مچھلیوں کے فارم تباہ ہونے سے 2 کروڑ روپے سے زائد کا نقصان ہوا، سوات میں فارم تباہ ہونے سے ایک ارب 35 کروڑ روپے کا نقصان ہوا، سوات میں 250 سے زائد مچھلیوں کے نجی فارم بھی تباہ ہوئے، شانگلہ میں ایک سرکاری فارم سمیت 9 نجی فارم تباہ ہوئے، کوہستان میں ہیچری نرسری یونٹ سمیت 8 نجی فارم، مانسہرہ میں ایک سرکاری ہیچری سمیت 25 نجی فارم اور دیر بالا میں سرکاری ہیچری سمیت 20 نجی فارم مکمل تباہ ہوئے۔
 

Advertisement