اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب اور لامتناہی ہونے والی بارشو ںکے بعد متاثرین کے لیے اقوام متحدہ نے عالمی برادری سے فوری طور پر 160 ملین ڈالر (تقریباً 35 ارب روپے) کی امداد کی اپیل کر دی ہے۔
یاد رہے کہ ملک میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے باعث 1100 سے زائد افراد جاں ہوئے جبکہ بڑے پیمانے پر انفراسٹرکچر تباہ، تیار فصلیں برباد اور سوا 3 کروڑ لوگ متاثر ہوئے ہیں۔
دفتر خارجہ میں تقریب کے دورانے اپنے ویڈیو بیان میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس نے کہا کہ پاکستان مشکلات میں ڈوبا ہوا ہے، عوام تباہ کن مون سون کا سامنا کر رہے ہیں، بارشوں اور سیلاب کی تباہ کاریوں کا سامنا کر رہے ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث قدرتی آفت کے نتیجے میں ایک ہزار سے زائد افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں، سینکڑوں شہری زخمی ہیں۔
اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے یو این سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان میں لاکھوں لوگ بے گھر ہوچکے، سکول تباہ ہوچکے، اہم انفرا اسٹرکچر ملیا میٹ ہوگیا، لوگوں کے خواب چکنا چور اور ان کی امیدیں دم توڑ گئی ہیں۔ تباہ کن سیلاب سے ہر صوبہ بری طرح متاثر ہوا ہے۔
The Pakistani people are facing a monsoon on steroids. More than 1000 people have been killed - with millions more lives shattered.
— António Guterres (@antonioguterres) August 30, 2022
This colossal crisis requires urgent, collective action to help the Government & people of Pakistan in their hour of need. pic.twitter.com/aVFFy4Irwa
انتونیو گوتیرس کا کہنا تھا کہ بطورِ یواین ہائی کمشنر برائے پناہ گرین میں نے پاکستان کے لوگوں کی فراخی دلی دیکھی ہے، انہوں نے اپنے محدود وسائل کے ساتھ لاکھوں افغان پناہ گزینوں کی مدد کی، ایسے فیاض لوگوں کی مشکلات نے میرا دل توڑ دیا ہے۔ متاثرین کی مدد کے لیے حکومت نے نقد رقم دینے کے ساتھ دیگر امدادی کارروائیوں کے لیے فنڈز جاری کیے ہیں لیکن تباہی بڑے پیمانے پر ہے مطلوبہ ضروریات سیلابی پانی کی طرح بڑھتی ہی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ صورتحال دنیا کی توجہ اور ترجیحات کا تقاضا کرتی ہے، اقوام متحدہ 16 کروڑ ڈالرز کی فلیش اپیل کر رہا ہے، یہ فنڈ 52 لاکھ لوگوں کو خوراک، پانی، صفائی، ہنگامی تعلیم، تحفظ اور صحت کی مدد فراہم کرے گا۔
انتونیو گوتیرس نے کہا جنوبی ایشیا ماحولیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے خطوں میں سے ایک ہے، اس خطے میں رہنے والے عوام کے ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر ہونے کے خدشات دیگر خطوں سے 15 فیصد زیادہ ہیں۔ ماحولیاتی تبدیلی کے باعث پوری میں موجود لوگ خطرے سے دوچار ہیں، پاکستان نے مشکل کی اس گھڑی میں عالمی برادری سے مدد کی اپیل کی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمیں اس وقت مل کر فوری طور پر اس بحران میں جوابی اقدامات کرنے چاہییں، مشکل کی اس گھڑی میں ہم سب کو آگے بڑھ کر پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونا چاہیے۔ دنیا کی تباہی سے قبل ہمیں ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے بیدار ہوجانا چاہیے، آج پاکستان اس تباہی کا شکار ہوا ہے، کل آپ کا ملک بھی اس کا نشانہ بن سکتا ہے۔