اسلام آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں آنے والے بدترین سیلاب اور لامتناہی بارشوں کے بعد ’نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر‘ قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
وزیراعظم شہبازشریف کی زیرصدارت حکومت کی اتحادی جماعتوں کا اجلاس ہوا، اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سمیت مسلح افواج کے سربراہان سمیت وزیراعلیٰ بلوچستان، تمام صوبائی چیف سیکرٹریز، وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی ( این ڈی ایم اے ) کے چیئر مین نے ملک میں سیلاب کی صورتحال، ریسکیو اور ریلیف سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
اسی اجلاس کے دوران ملک میں تباہ کن سیلاب سے پیدا ہونے والی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیاگیا۔
اجلاس میں سیلاب کے دوران جاں بحق ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی، زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی گئی جبکہ لواحقین سے دلی رنج وغم اورافسوس کا اظہار کیاگیا۔
اجلاس میں باہمی مشاورت کے بعد ملک میں سیلاب کی صورتحال سے نمٹنے اور متاثرین کی بحالی کے لئے ’نیشنل فلڈ رسپانس اینڈ کوآرڈینیشن سنٹر‘ قائم کرنے کا فیصلہ کیاگیا۔
اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ 60 سال میں ایسی تباہی نہیں ہوئی جو حالیہ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ملک بھر کے چاروں صوبوں میں ہوئی۔ حکومتی جماعتوں نے اتفاق کیا کہ قومی سطح پر تعمیر نو کا جامع پلان مرتب کیاجائے۔ تمام اسٹیک ہولڈرز کی مشاورت سے نقصانات کے حتمی تخمینے کا کام شفاف انداز میں مکمل کیاجائے۔ متاثرین کی آبادکاری کے لئے موثرمنصوبہ بندی کی جائے۔
اجلاس میں اس بات کی حمایت کی گئی کہ سیلابی پانی کو محفوظ بنانے کے لئے منصوبہ بندی کی جائے۔ اجلاس میں اندرون وبیرون ملک سے عطیات جمع کرنے کے لئے بھرپور مہم چلانے پر اتفاق کیا گیا۔ عطیات جمع کرنے کیلئے حکومتی، جماعتی اور انفرادی سطح پر تحریک چلائی جائے گی۔