پاکستان میں سیلاب سے تباہی، چینی صدر اور بھارتی وزیراعظم افسردہ

Published On 29 August,2022 07:24 pm

اسلام آباد:(دنیا نیوز) چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے چین پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا۔

چین کے صدر شی جن پنگ نے صدر پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کے نام خیر سگالی کا پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے سیلاب متاثرین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔

شی جن پنگ نے کہا کہ سیلاب سے نمٹنے کے لیے چین پاکستان کو ہر ممکن مدد فراہم کرتا رہے گا، مجھے یقین ہے پاکستان کی حکومت اور عوام مشترکہ کوششوں سے سیلاب کی تباہ کاریوں پر قابو پا لیں گے۔

تعمیر نو میں مزید مدد کرینگے: ترجمان چینی وزارت خارجہ

چینی وزارت خارجہ کے ترجمان ژاؤ لی جیان نے ایک بیان میں کہا ہےکہ چین پاکستان کو سیلاب سے متعلق امداد اور تعمیر نو میں مزید مدد دےگا، پاکستان میں تباہ کن سیلاب کی معلومات دل دہلا دینے والی ہیں۔

ترجمان کا کہنا ہےکہ چین اور پاکستان موسمیاتی تزویراتی تعاون میں شراکت دار ہیں اور ایک دوسرے کےخوشی غم میں شریک ہیں، مشکل وقت میں دل کی گہرائیوں کے ساتھ پاکستان کے ساتھ ہیں۔ وزیر خارجہ وانگ ای نے پاکستانی ہم منصب سے ہمدردی کا اظہار بھی کیا ہے۔

ژاؤ لی جیان کا کہنا ہےکہ چین نے پاکستان کو 4 ہزار خیمے، 50 ہزار کمبل اور 50 ہزار ترپالیں فراہم کی ہیں، پاکستان کو ہنگامی انسانی امداد کی اضافی کھیپ دینے کا بھی فیصلہ کیا ہے، چینی ریڈ کراس پاکستان ریڈ کریسنٹ کو 3 لاکھ امریکی ڈالر نقد دے گی، آل پاکستانی چائنیز انٹرپرائزز ایسوسی ایشن نے سیلاب ریلیف فنڈ میں ڈیڑھ کروڑ روپیہ عطیہ دیا ہے۔ امید ہے پاکستانی اس آفت پر قابو پالیں گے اور جلد ہی اپنےگھر دوبارہ تعمیر کریں گے۔

مشکل گھڑی میں پاکستان کیساتھ، بھرپور تعاون کریں گے: چینی سفیر

پاکستان میں چین کے سفیرنونگ رونگ نے کہا ہے کہ مشکل گھڑی میں پاکستانی عوام کے ساتھ کھڑے ہیں، ریلیف اوربحالی کے کاموں میں بھرپور حصہ لیں گے۔

اسلام آباد میں فرینڈز آف سلک روڈ سیمنارسے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا چین سے پاکستان کے لئے امداد کی پہلی کھیپ کل روانہ ہوگی، فوری طورپر25000 ٹینٹ اور دیگر امدادی سامان دیا جائے گا، پاکستان ریڈ کریسنٹ سوسائٹی کو 300امریکی ڈالر اور چین کی ایسوسی ایشنز کی جانب سے 1500 ملین روپے وزیراعظم ریلیف فنڈ میں دئیے جائیں گے۔

نونگ رونگ نے کہا کہ سی پیک منصوبوں پر کام کی رفتار تیز ہو گئی ہے، پاکستان کے زراعت کے شعبے میں سرمایہ کاری 640 ملین ڈالر ہوگئی ہے جبکہ رواں سال پاکستان کی چین کو برآمدات 4 ارب ڈالرز سے زائد ہوگئی ہیں۔

  پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر دکھ ہوا: نریندر مودی

 دوسری طرف سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے لکھا کہ پاکستان میں سیلاب سے ہونے والی تباہی دیکھ کر دکھ ہوا۔

انہوں نے مزید لکھا کہ ہم متاثرین کے خاندانوں، زخمیوں اور قدرتی آفت سے جاں بحق ہونے والے تمام افراد کے ساتھ دلی تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔

نریندر مودی نے سیلاب سے متاثرہ افراد کی جلد بحالی اور معمول کی زندگی کی طرف لوٹنے کی امید کا اظہار کیا۔

    بارشوں اور سیلاب سے تباہ کاریاں، ملکہ برطانیہ بھی افسردہ

 

 ملک بھر میں ہونے والی بدترین بارشیں اور خوفناک سیلاب کے باعث ہونے والی تباہ کاریوں پر ملکہ برطانیہ بھی دل گرفتہ ہوگئیں۔

ملکہ الزبتھ برطانیہ نے سیلابی صورت حال پر صدر ممللکت عارف علوی کو خط لکھا۔

خط میں انہوں نے پاکستان میں سیلاب سے جانی ومالی نقصان پر شدید رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میری ہمدردیاں متاثر ہونے والے تمام لوگوں کیساتھ ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان میں بدترین سیلاب، بارشیں، برطانیہ کا 15 لاکھ پاؤنڈز امداد کا اعلان

اپنے خط میں ملکہ برطانیہ کا کہنا تھا کہ خوفناک حالات سے نکلنے کیلئے پاکستان کےساتھ کھڑے ہیں، ان سے بھی ہمدردی ہے جوبحالی کی کوششوں میں مدد کیلئےکام کر رہے ہیں۔

یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان میں آنے والے بدترین سیلاب اور لامتناہی بارشوں کے بعد ہونے والی تباہ کاریوں کے بعد برطانیہ نے 15 لاکھ پاؤنڈز امداد دینے کا اعلان کیا تھا۔