اسلام آباد:(دنیا نیوز):چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ نے پاکستان میں سیلاب سے جانی و مالی نقصانات پر پاکستان کی قیادت اور عوام سے افسوس اور بھرپور یکجہتی کا اظہارکیا ہے، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے چین کے صدر اور وزیراعظم کاخصوصی پیغام صدرمملکت ڈاکٹر عارف علوی اوروزیراعظم محمد شہباز شریف کو پہنچایا ہے۔
وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سےجاری بیان کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف نے چین کے صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کے لئے نیک تمناؤں کا اظہارکیا، وزیراعظم نے کہا کہ ہمیشہ کی طرح چین کی قیادت اور عوام نے پاکستان دوستی اور فراخ دلی کا مظاہرہ کیا ہے، صدر شی جن پنگ اور وزیراعظم لی کی چیانگ کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتے ہیں۔
چین کی طرف سے سیلاب متاثرین کے لئے امداد کی فراہمی سے متعلق اقتصادی امور ڈویژن کو چین کے سفیر کی کراچی سے واپسی پر باضابطہ آگاہ کیا جائے گا، چین کے سفیر نونگ رونگ نے چین کی قیادت کے فیصلے سے حکومت پاکستان کو آگاہ کر دیا۔
واضح رہے کہ چین کی طرف سے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لئے 100 ملین یوآن (آر ایم بی) امداد کا اعلان کیا گیا ہے، چین کی طرف سے 25000 خیموں اور دیگر امدادی اشیاء کا عطیہ کیا گیا ہے، چینی فضائیہ کی پروازیں 300 خیموں کی پہلی کھیپ لے کر آج اور کل کراچی پہنچیں گی، پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ کراچی میں امدادی سامان پاکستانی حکام کے حوالے کریں گے۔