وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی اور مونس الٰہی کی عمران خان سے ملاقات

Published On 30 August,2022 04:13 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے چیئر مین اور سابق وزیراعظم عمران خان سے وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی نے ملاقات کی۔

اسلام آباد میں ہونے والی ملاقات میں وزیر اعلی چودھری پرویزالٰہی نے عمران خان کو سیلاب متاثرین کی بحالی کے پلان کے بارے میں بریف کیا۔ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سیاسی صورتحال، سیلاب زدگان کی بحالی کے لئے کئے گئے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے سیلاب متاثرین کی مدد وبحالی کے لئے کامیاب ترین ٹیلی تھون پر چئیرمین پی ٹی آئی عمران خان کو مبارکباد دی۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ قوم خصوصا بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے جذبے کو سلام پیش کرتے ہیں۔ عمران خان کی آواز پر قوم نے لبیک کہا۔ عمران خان کی اپیل پر اربوں روپے جمع ہونا ثابت کرتا ہے عوام کو ان کی قیادت پر غیر متزلزل اعتماد ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ عمران خان دھرتی کا بیٹا ہے اور اس نے دھرتی کی مٹی کا حق ادا کر دیا ہے عمران خان نے مصیبت میں گھرے بہن بھائیوں کی مدد وبحالی کے لئے فنڈ جمع کرنے میں پہل کی ۔عمران خان کی نیت نیک اور سمت درست ہے ۔اللہ تعالٰی بھی نیک نیتی کا پھل دیتا ہے۔عمران خان کی کامیابی ہی پاکستان کی جیت ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے مزید کہا کہ عمران خان کی قیادت میں متاثرین سیلاب کی جلد از جلد آباد کاری کے لیے پر عزم ہیں۔
 

 
Advertisement