اسلام آباد:(دنیا نیوز) ملک بھر میں مہنگائی میں کمی ہونے کے بعد مجموعی شرح 29.28 فیصد ریکارڈ کی گئی۔
وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق ہفتہ وار بنیادوں پر مہنگائی کی شرح میں 8.1 فیصد کمی ہوئی، ٹماٹر، پیاز، دال مسور، گھی، لہسن سمیت دیگر اشیا کی قیمتیں کم ہوئیں، ٹماٹر کی قیمت میں 12 روپے فی کلوگرام کی کمی دیکھی گئی جبکہ پیاز کی فی کلو قیمت میں 39 پیسے اور اڑھائی کلو گھی کا ٹن 4 روپے 81 پیسے سستا ہوا۔
ادارہ شماریات کے مطابق آٹے کا تھیلا، دال چنا، آلو، دال مونگ، انڈے، دال ماش کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا، ایک ہفتے میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 297 روپے سے زائد مہنگا ہوا، بیس کلو آٹے کا تھیلا 1323 روپے سے مہنگا ہو کر 1621 روپے کا ہو گیا، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 6 روپے 37 پیسے کا اضافہ دیکھا گیا، فی کلو قیمت 257 روپے 50 پیسے ہو گئی۔
حالیہ ہفتے دال مونگ کی فی کلو قیمت 248 روپے80 پیسے سے بڑھ کر 252 روپے ریکارڈ کی گئی، چینی کی فی کلو قیمت میں 71 پیسے کا اضافہ ہوا، قیمت 87 روپے 64 پیسے ہو گئی، فی درجن انڈوں کی قیمت میں 1 روپے 47 پیسےکا اضافہ ہو گیا، ایک ہفتے کے دوران زندہ مرغی کی فی کلو قیمت میں 12 روپے 76 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔